خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

by bukharisafdar786@gmail.com

پشاور:پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں جو دہشتگردی ہو رہی ہے، اس کے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تمام سیاستدان ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، مگر کسی بھی فردِ واحد کی سیاست ریاست سے اوپر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص سمجھتا ہے کہ اس کی سیاست ریاست سے بڑی ہے تو یہ قابلِ قبول نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورننس کے خلا کو ہمارے سکیورٹی فورسز کے جوان اپنے خون سے پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوج کو گھٹیا بیان بازی اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے دور رکھا جائے، کیونکہ کسی فرد واحد کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی ذات کے لیے ریاست اور عوام کے جان و مال اور عزت کا سودا کرے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دہشتگردوں کی سہولت کاری کرے گا تو چاہے وہ کوئی بھی ہو، کسی بھی عہدے پر ہو، اس کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کے خلاف کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

Related Posts