سندھ کابینہ کا عوام دوست فیصلہ

by bukharisafdar786@gmail.com

صوبے بھر میں اموات کے سرٹیفکیٹ کی فیس ختم، شہریوں کو مفت سہولت معیسر

کراچی ؛ ترجمان سندھ حکومت کے مطابق، سندھ کابینہ نے صوبے بھر میں عام شہریوں کے لیے میونسپل، یونین کونسل اور ٹاؤن کمیٹی کی سطح پر اموات کے سرٹیفکیٹ کی رجسٹریشن فیس معاف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ فیصلہ ستمبر 2024 میں پیدائش کی مفت رجسٹریشن کی کابینہ منظوری کے تسلسل میں کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ اقدام صوبائی حکومت کے اُس عزم کا حصہ ہے جو اقوامِ متحدہ اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سول رجسٹریشن اور اہم شماریات (CRVS) کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا بیان

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، نئے انتظام کے تحت حکومتِ سندھ نادرا کے سروس چارجز کی لاگت خود برداشت کرے گی، جس کے بعد شہری اموات کے سرٹیفکیٹ بغیر کسی فیس کے حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے اور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت اہم واقعات کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

فیصلہ متعلقہ محکموں کی مشاورت سے

یہ اقدام محکمہ قانون اور محکمہ خزانہ کی حمایت سے کیا گیا، جبکہ چیف سیکریٹری سندھ کی توثیق کے بعد اسے کابینہ کے اجلاس میں پیش کر کے منظور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ فیصلہ صوبے کے CRVS نظام کو مزید مضبوط بنانے اور شہریوں کو سہولت دینے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

Related Posts