مطالبات کی منظوری کے لیے سرکاری ملازمین کا احتجاج، سندھ حکومت کا نوٹس

by bukharisafdar786@gmail.com

کراچی: سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کے احتجاج کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے سندھ ایمپلائز الائنس کے صدر حاجی اشرف خاصخیلی اور دیگر رہنماؤں کو طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری نے ایمپلائز الائنس کے رہنماؤں کو کل مذاکرات کے لیے بلا لیا ہے تاکہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جا سکے۔

ایمپلائز الائنس کے صدر حاجی اشرف خاصخیلی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ نے رابطہ کر کے یقین دہانی کرائی ہے کہ مطالبات پر غور کیا جائے گا اور وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کرائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات کے ذریعے مطالبات منظور نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔

Related Posts