کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس 2025 کی تیسری اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباس، صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، ذوالفقار علی شاہ، جام اکرم اللہ دھاریجو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، آئی جی پولیس غلام نبی میمن سمیت سندھ حکومت اور پاکستان نیوی کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ میری ٹائم ایکسپو سے قبل تمام انتظامات مکمل کیے جائیں اور شہری ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر کے اطراف کی تزئین و آرائش اور آمد و رفت کے متبادل راستے شہریوں کی سہولت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ایکسپو سینٹر آنے والے ملکی و غیر ملکی مندوبین کو ایئرپورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے ایکسپو سینٹر پہنچنے میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کچھ زحمت ضرور ہوگی، لیکن کراچی کے لیے میری ٹائم ایکسپو کی میزبانی فخر کی بات ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) پاکستان کی بلیو اکانومی کے وژن کو آگے بڑھانے کا ایک اسٹریٹجک پلیٹ فارم ہے جو 3 تا 6 نومبر 2025ء کو کراچی میں منعقد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی سمندری صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرے گی اور خطے میں پاکستان کے کردار کو ایک اہم میری ٹائم مرکز کے طور پر مستحکم کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان نیوی کی قیادت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی سے روزگار، تجارت اور معاشی استحکام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تمام ادارے قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ ایکسپو کی کامیاب تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ PIMEC 2025 میں میری ٹائم نمائش، بین الاقوامی کانفرنس اور ثقافتی شوز شامل ہوں گے، جو سرمایہ کاروں، محققین اور پالیسی سازوں کے لیے شراکت داری کا متحرک پلیٹ فارم ثابت ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ
> "پاکستان کو جدید اور ترقی یافتہ میری ٹائم طاقت کے طور پر اجاگر کریں گے،
اور اپنی سمندری صلاحیتوں کو عوامی خوشحالی، علاقائی امن و ترقی میں بدلنا ہمارا مقصد ہے۔”