کراچی: (پریس ریلیز)
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سندھ گورنمنٹ سرونٹس بینیوولنٹ فنڈ سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیش کی گئی تجویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سندھ ایمپلائز الائنس (SEA) نے 3 اکتوبر 2025 کو چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کو اپنا چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کے لیے بینیوولنٹ فنڈ کی ادائیگی بلوچستان حکومت کے طرز پر ریٹائرمنٹ کے وقت کی جائے۔
کابینہ نے اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن فی الحال معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کابینہ کا کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں سیکریٹری خزانہ، جنرل ایڈمنسٹریشن، محکمہ امپلیمنٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن، قانون اور ڈائریکٹر بینیوولنٹ فنڈ شامل ہوں گے۔
کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بینیوولنٹ فنڈ کے استعمال کے طریقہ کار کو جنرل پروویڈنٹ فنڈ (GPF) کے طرز پر جانچے اور ملازمین کی شراکت، ادائیگی کے فارمولے، فوائد کے ڈھانچے اور ممکنہ قانونی ترامیم سے متعلق تفصیلی سفارشات تیار کرے۔
یہ سفارشات بعد ازاں سندھ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ، وزیراعلیٰ سندھ