دادو (اسٹاف رپورٹ) ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضیٰ علی شاہ کی صدارت میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے عوامی سہولیات کی فراہمی اور دفتری معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون زاہد جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکندر علی رستمانی، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران افسران نے ڈپٹی کمشنر کو عوامی شکایات کے اندراج و حل، ریونیو کیسز کی پیش رفت سمیت دیگر انتظامی اور عوامی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر دادو نے افسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
سید مرتضیٰ علی شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے بروقت حل کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ تمام افسران اپنی توانائیاں عوامی خدمت کے لیے وقف کریں۔