ڈی جی آئی ایس پی آر: افغانستان میں ایئر سٹرائیکس — پاکستان اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرتا رہے گا

by bukharisafdar786@gmail.com

اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے جان و مال کی حفاظت اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لیے جو بھی ضروری اقدامات ہوں گے، وہ کیے جا رہے ہیں اور کیے جاتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں ہمیں کوئی شک نہیں ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افغانستان میں ایئر سٹرائیکس سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ میڈیا، سوشل میڈیا اور افغان حکام کی جانب سے مختلف بیانات سامنے آئے ہیں، تاہم پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔
پاکستان نے چار دہائیوں سے زیادہ عرصے تک افغان بھائیوں کی میزبانی کی ہے، مگر یہ بھی ہمارا حق ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے خلاف محفوظ بنائیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان افغان حکومت سے بارہا درخواست کر چکا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ ٹریڈ اور علاج معالجے کے تعلقات ہیں، لیکن یہ بات بھی حقیقت ہے کہ دہشتگرد عناصر افغان سرزمین پر پناہ لیتے ہیں، جس کے شواہد پاکستان کے پاس موجود ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور استحکام کی حمایت کی ہے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی چینلز کو ترجیح دی ہے۔ تاہم اگر کسی بھی اقدام سے پاکستان کے عوام کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہو تو ملک کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کابل گئے اور مختلف فورمز پر بات چیت جاری ہے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان حکومت اپنی زمین کو دہشتگردوں کی آماجگاہ نہ بننے دے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام امن سے زندگی گزار سکیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی قومی سلامتی کے اصولوں پر مبنی ہے اور ریاست اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی۔

Related Posts