خطرے کی صورت میں اپنی سرزمین کی طرح سعودی عرب کی حفاظت کرینگے۔ خواجہ آصف

by bukharisafdar786@gmail.com

لندن، وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خطرے کی صورت میں اپنی سرزمین کی طرح سعودی عرب کی حفاظت کرینگے۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا جس طرح رویہ ہے تھریٹ ہیں اس میں کوئی شک نہیں، دفاعی معاہدے میں اورممالک بھی شامل ہوں گے، سعودی عرب کو کوئی خطرہ ہوا تو انشااللہ اپنی سرزمین کی طرح ان کا دفاع کرینگے، جس طرح نیٹو کا اتحاد ہے اس طرح ہمیں بھی ایک ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کو پیغام دینا چاہیے ہم مسلمان ممالک ایک جسم کی مانند ہیں، سعودی عرب سے گزشتہ 50، 60 سالوں سے دفاعی تعاون جاری ہے، دونوں ملکوں میں معاہدے سے سعودی عرب کا مغربی ممالک پر انحصار کم ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ دفاعی معاہدوں کی بنیادی شق ہوتی ہے ایک دوسرے کی دفاع میں مدد کی جائےگی، پاکستان اور سعودی عرب دونوں ایک دوسرے کی دفاع میں مدد کریں گے، دفاعی معاہدے میں تکنیکی مدد، دفاع سے متعلق جوائنٹ وینچر بھی کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دفاعی ضروریات معاہدے میں شامل ہیں، پاکستان پہلے بھی حرمین شریفین کے دفاع میں پیش پیش ہے، پاکستان اور سعودی عرب پہلے بھی ایک دوسرے کی مدد کرتے رہے ہیں۔

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے سعودی دفاعی افواج کی پہلے بھی تربیت و مدد کی گئی ہے۔

Related Posts